حیدرآباد، 27؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے اتوار کو کہا کہ تلنگانہ حکومت اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کر کے مسلمانوں کو12فیصد ریزرویشن دینے والی ایک قرارداد منظور کروائے گی اور اسے مرکزی حکومت کو بھیجے گی۔راؤ کی قیادت والی تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے الیکشن میں وعدہ کیا تھا کہ مسلمانوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے 12فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میں نے مسلمانوں کے لیے12فیصدریزرویشن کا وعدہ کیا تھا۔میں جو بات کو کہتا ہوں اس پر قائم رہتا ہوں۔یہ آپ سبھی اچھی طرح جانتے ہیں۔راؤنے کہاکہ ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو جلد ہی ریزرویشن کے حوالے سے اپنی رپورٹ سونپ دے گی، جیسے ہی رپورٹ سونپی جائے گی، اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا۔اس میں قراردادکومنظورکر کے براہ راست مرکزی حکومت کو بھیجا جائے گا۔میں مکمل طور پر پر امید ہوں کہ ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے نظام کالج گراؤنڈ میں افطارپارٹی کااہتمام کیا تھا۔ریاست میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسلمانوں کے لیے دعوت افطارکااہتمام کیاجا رہا ہے ۔